ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ جہلم کا اجلاس، بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد بارشوں کے دوران ممکنہ شہری اور اچانک سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے، نکاسی آب کے مسائل اور ممکنہ سیلابی خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء کو ہدایت جاری کی گئی کہ نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، ہم آہنگی اور بروقت معلومات کا تبادلہ انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی تیاریوں، دستیاب وسائل، مشینری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنی اپنی تیاریوں اور اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button