بیلجیم کی کمپنیز کے بڑے وفد کی عالمی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش TEXPO 2024 پاکستان میں شرکت

برسلز: بیلجیم سے تعلق رکھنے والی کمپنیز کے ایک بڑے وفد نے کراچی میں منعقد ہونے والی 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش TEXPO 2024 میں بھرپور شرکت کی ہے۔
اس حوالے سے برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد بلال خان بھی وفد کی آسانی کیلئے ان کے ہمراہ ہیں اور ان کی ملاقاتوں اور مصروفیات کو آسان بنا رہے ہیں۔
سفارتخانہ پاکستان کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی جانب سے ’’پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر اور پائیداری‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے دوران وزیر معیشت عمر حمید نے یورپی یونین کے اندر پائیداری کے معیارات اور ٹیکسٹائل سے ان کی مطابقت پر اظہار خیالات بھی کیا۔
اس حوالے سے برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور فراز زیدی نے بلجیم کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کمپنیز کی موجودگی پاکستان اور بیلجیم کے درمیان جاری تجارتی تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر غیر ملکی فرموں کیلئے متنوع مواقع پیش کرتا ہے اور TEXPO میں بیلجیم کی کمپنیز کی شرکت ان مواقع کو تلاش کرنے کیلئے ان کے عزم کو واضح کرتی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق اس حوالے سے بیلجیم کی فرمز نے TEXPO 2024کے بہتر نظم و ضبط کیلئے TDAP کی تعریف کی ہے جس کے ذریعے B2B میٹنگز میں سہولت ہوئی ہے۔ توقع ہےکہ اس طرح کی سرگرمیاں پاکستان اور بیلجیم کے درمیان دوطرفہ تجارت میں مزید اضافے میں معاون ثابت ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی ناظم الامور نے بیلجیم کو ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات کو بڑھانے میں پاکستان کی کوششوں میں تعاون کیلئے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیلجیم کی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے کے خواہاں پاکستانی برآمد کنندگان کی مدد اور سہولت فراہم کرنے میں پوری طرح مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی یہ نمائش عالمی ٹیکسٹائل اور چمڑے کے مینوفیکچررز، خریداروں اور سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اندر موجود مواقع کو تلاش کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے، جو ملک کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



