پنڈدادنخان میں نوجوان پر تشدد اور مبینہ بدفعلی کا واقعہ، ڈی پی او کے نوٹس پر 4 ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان میں نوجوان پر تشدد اور مبینہ بدفعلی کا واقعہ، پولیس نے ڈی پی او کے نوٹس پر 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ للِہ کے علاقے میں ایک نوجوان کے ساتھ تشدد اور مبینہ جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعہ پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنا پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا اور مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا جبکہ واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور متاثرہ نوجوان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



