ڈپٹی کمشنر جہلم کا محکمہ وائلڈ لائف کے دفتر پر چھاپہ، ملازمین غیر حاضر، دفتر ویران، سخت کارروائی کا حکم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے محکمہ وائلڈ لائف کے دفتر پر اچانک چھاپہ مارا تو دفتر ویرانی کا منظر پیش کر رہا تھا۔ تمام ملازمین ڈیوٹی سے غائب پائے گئے جبکہ حاضری رجسٹر پر جعلی دستخط کے ذریعے بوگس حاضری لگائی گئی تھی۔

الطاف پارک میں واقع دفتر کے معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے دفتر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جہاں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے تھے اور آوارہ جانوروں کی بہتات دکھائی دی۔ اس افسوسناک صورت حال پر ڈی سی جہلم نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

چھاپے کے دوران ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے بغیر وارنٹ مرغابیوں اور اڑیال کے گوشت کو دفتر میں سٹور کرنے پر بھی شدید غصے کا اظہار کیا اور اس غیر قانونی عمل پر محکمہ وائلڈ لائف کے تمام عملے کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری تنخواہیں لینے والے ملازمین اگر اپنی بنیادی ذمہ داریاں ادا نہ کریں تو یہ عوام کے اعتماد کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام غیر حاضر ملازمین سے جواب طلبی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button