ڈپٹی کمشنر جہلم کا ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مشین محلہ اور ڈھوک جمعہ روڈ پر واقع نئے قبرستان کے باہر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے زیرو ویسٹ پروگرام کی پیش رفت کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر اور دیگر ممبران نے ڈپٹی کمشنر کو زیرو ویسٹ پروگرام کے حوالے سے عوامی اطمینان اور مثبت تاثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی کے اس منصوبے کو عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جو شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے نیا بازار میں سیوریج سسٹم کے تحت جاری تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی عمل کے دوران شہریوں کی آمد و رفت میں سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ منصوبے کو معیاری اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر کو صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔



