وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزدوروں کو اپنی ترجیحات سے ہی نکال دیا ہے، حاجی افضل بلوچ

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزدوروں کو اپنی ترجیحات سے ہی نکال دیا۔ مزدوروں کا وزیر نہ بنانا پنجاب کے محنت کشوں کیساتھ کھلامذاق اور ان کے حقوق نہ دلانے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے۔
ان خیالات کا اظہار لیبر لیڈر حاجی محمد افضل بلوچ نے بذریعہ ٹیلیفونک سعودی عرب سے جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مزدوروں کو حقوق دلا نے انڈسٹریز کو چلانے ،فیکٹریاں لگانے خاص کر محنت کشوں کو مقررہ اجرت پر عملدرآمد نہ کروانے، محنت کشوں کی پنشن سوشل سکیورٹی، ای او بی آئی کارڈز کا نہ بننا، ریٹرنر شپ جیسا بدنام زمانہ غلامی کی بدترین شکل کالا قانون کے تحت بھرتیوں کو نہ صرف ختم کرنا بلکہ پیسی ورکرز ویلفیئر بورڈ میں بھرتی ملازمین کو فورا مستقل کرنے جیسا کوئی لفظ زبان سے نہیں نکالا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فری آٹا فراہم نہ کرو ، ہمارے بچوں کو روز گار مہیا کیا جائے، مہنگائی ختم کرنے جیسے اقدامات پر عملدرآمد کیا جانا چاہئیے۔بجلی و گیس کے بلوں میں کمی کروائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مزدور فاقہ کشیوں کا شکار ہیں، عام آدمی کے پاس دو وقت کی روٹی تو درکنار ایک وقت کی روٹی کو بھی ترس رہے ہیں، بیورو کریٹس ،ججز، ایم پی ایز ،ایم این ایز، وزراء کی مراعات میں اضافے کی بجائے غیر معمولی کمی کی جائے ، بیوروکریٹس اور وزراء سے گاڑیاں واپس لی جائیں تاکہ ملکی خزانے پر بوجھ کم ہو سکے اور ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو سکے۔



