وزیراعلیٰ پنجاب نے جہلم میں نکاسی آب کے پراجیکٹس جون سے پہلے مکمل کرنے کا ہدف دے دیا

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں جاری نکاسی آب کے منصوبوں کو جون سے قبل مکمل کرنے کا ہدف دے دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو 24 گھنٹے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مون سون سے پہلے تمام انتظامات مکمل ہو سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جہلم سمیت 15 بڑے شہروں میں سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان شہروں میں جہلم، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان، سیالکوٹ، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور راولپنڈی شامل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان منصوبوں کے تحت 2265 کلو میٹر طویل سیوریج لائن اور بارش کے پانی کے نکاس کے لیے 189 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی، جبکہ پہلے مرحلے میں 86 ڈسپوزل اسٹیشن اور 9 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ واسا ان منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ 752 کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر بھی کرے گا تاکہ شہریوں کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں 15 شہروں میں نئے واسا کمپلیکس کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی، جن میں افسران کے لیے رہائشی سہولیات اور دیگر انتظامات شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ڈیش بورڈ اور موبائل ایپ کے ذریعے کی جائے اور مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کے لیے بڑے پیمانے پر ڈی سلٹنگ مہم بھی شروع کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے مؤثر نظام کے بغیر شہریوں کو ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا، اس لیے تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنا ہر صورت یقینی بنایا جائے۔



