آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

جہلم سمیت پنجاب بھر میں آئندہ چند روز کے دوران غیر معمولی موسمی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق 11 سے 13 مئی کے دوران شمال مشرقی پنجاب میں “سپر سیل” طوفانی سسٹم بننے کا امکان ہے، جس کے باعث لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ موجود ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے دوران ایک نایاب موسمی رجحان “ہیٹ برسٹ” بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے، جو گرج چمک والے بادل ختم ہونے کے بعد پیدا ہوتا ہے۔ اس عمل میں ڈاؤن ڈرافٹ کے ذریعے ٹھنڈی ہوا تیزی سے زمین کی جانب آتی ہے اور کمپریشن ہیٹنگ کے باعث اچانک گرم ہو کر زمین سے ٹکراتی ہے، جس سے درجہ حرارت وقتی طور پر 5 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے دوران گرم اور خشک تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جو موسم کی شدت میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں اور محفوظ مقامات پر قیام کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button