جہلم پولیس کا غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 10 دنوں میں 8 افغان باشندے گرفتار

جہلم: پولیس نے ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کر کے 8 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران پولیس نے حساس اداروں اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز اور چھاپے مارے، جن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 8 افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ان سے مزید چھان بین کا عمل بھی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق غیر قانونی رہائش پذیر افراد کے خلاف یہ کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اور قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔



