پاکستانی کلچر کے فروغ کے لیے پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں تقریب کا انعقاد

گلاسگو: اسکاٹ لینڈ میں پاکستانی کلچر کو فروغ دینے اور اس کی ترویج و ترقی کیلئے پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ہر طبقہ فکر کے پاکستانیوں نے شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام پاکستان قونصلیٹ کے تعاون سے گرافک میڈیا کے چوہدری طارق، راج ستار اور پاکستان کے ممتاز کمپیئر شکیل زاہد نے کیا تھا جب کہ تقریب کے مہمان خصوصی ماضی میں پاکستان فلم انڈسٹری کے ممتاز ہیرو شاہد تھے۔

قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاویدنے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت مغربی دنیا میں اسلاموفوبیا پھیلا ہوا ہے، مسلمانوں کے متعلق انتہا پسند ہونے کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،ایسے وقت میں ضرورت ہے کہ مقامی معاشرے میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ بہترین روابط قائم کئے جائیں۔ ایسی کسی بھی کوشش کو پاکستان قونصلیٹ کا تعاون حاصل رہےگا۔

رانا ثمر جاوید نے اداکار شاہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ وہ اپنے وقت کے انتہائی مقبول اداکار تھے جن کی فلموں کی بھارتی فلم انڈسٹری نے نقل کی۔ اداکار شاہد نے کہا کہ پاکستان میری آن اور شان ہے اور اس کیلئے منعقدہ کسی بھی پروگرام میں شرکت کیلئے میں اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرکے جانے کو تیار ہوں۔

اداکار شاہد نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری عروج پر تھی اور اس نے بہترین اداکار ، میوزک ڈائریکٹر اور سنگر پیدا کئے لیکن ضیا الحق کی آمریت کے زمانے میں اس پر ایسا زوال آیا کہ دوبارہ اپنا پہلے والا مقام حاصل نہ کرسکی۔ اداکار شاہد نے پاکستان کے ممتاز کمپیئر شکیل زاہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں پاکستانی کلچر کو فروغ دینےکیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پروگرام کے ایک آرگنائزر اور اسٹیج سیکرٹری شکیل زاہد نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ میں 75 ہزار سے زائد پاکستانی آباد ہیں اور وہ ایسے پروگرامز کا انعقاد چاہتے ہیں جو ان کے آبائی ملک پاکستان سے متعلق ہوں۔ اس پروگرام میں شامل بے شمار افراد ایسے ہیں جن کی پاکستان میں جوانی کے وقت اداکار شاہد مقبول عام ہردلعزیز ہیرو تھے۔ ان کو اپنے درمیان پا کر ماضی کے مناظر آنکھوں کے سامنے آگئے ہیں۔

گرافک میڈیا کے چوہدری طارق نے کہا کہ برطانیہ میں آباد ہماری نئی نسل کو پاکستانی کلچر سے متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ راج ستار کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں بے شمار پاکستانی شمولیت کے خواہشمند تھے لیکن جگہ کی کمی کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا۔

خزینہ شعر و ادب کی صدر مشہور شاعرہ کشور صباحت نے کہا کہ اداکار شاہد اپنے زمانے میں اداکاری کے بادشاہ اور لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھے۔ کشور صباحت کا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت کو بیرون ملک متعارف کرانے میں جہاں حکومتی ادارے کام کر رہے ہیں وہاں شکیل زاہد جیسے محب وطن افراد کی پاکستان کیلئے خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

مدیحہ شکیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت اَن مٹ داستانوں سے بھرپور ہے اور بیرون ملک آباد پاکستانیوں کی نئی نسل کو اس سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔

تقریب کا آغاز مسعود قریشی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔تقریب میں سید ناظر جعفری، شاہد میر، پرنس وسیم، امتیاز علی گوہر، علی عمران اور طاہر انعام شیخ نے بھی خطاب کیا جب کہ سید فراز حسین، شمشاد غنی اور عمران حسین نے نغمے سنائے۔ آخر میں اداکار شاہد کی 75 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button