عیدالفطر کے بعد پردیسیوں کی واپسی، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر رش

جہلم: عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں سے واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے باعث شہر کے بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔
مختلف شہروں سے آئے پردیسی اپنے عزیزوں کو چھوڑنے کا غم اور اداس چہروں کے ساتھ دوبارہ جہلم پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ حصولِ روزگار کے لیے مقیم ہیں۔
اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے کے بعد بڑی تعداد میں افراد نے دوبارہ اپنے کام کی جگہوں کا رخ کر لیا ہے، جس کی وجہ سے شہر کے لاری اڈے اور ریلوے اسٹیشن پر بھیڑ دیکھنے میں آئی۔
پردیسیوں کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیاں پلک جھپکتے ہی گزر گئیں اور اب روزگار کے لیے ایک بار پھر گھر سے دور جانا آسان نہیں، مگر خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ عید کے ایام میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھرپور وقت گزارنے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے 31 مارچ سے 2 اپریل تک عید کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ سرکاری ملازمین نے ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کے ساتھ پانچ روز تک عید کی خوشیوں سے لطف اٹھایا۔ 4 اپریل سے سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھل چکے ہیں اور معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔



