جہلم میں 25 سالہ جیل وارڈن دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا

جہلم:دریائے جہلم کی بیلا باربی کیو بیلٹ ایک اور نوجوان کو نگل گئی، ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا وارڈن نہاتے ہوئے ڈوب گیا، دریا میں ڈوبنے والے وارڈن کی تلاش جاری ، ریسکیو 1122 سمیت شہری تنظیموں کے رضا کار جیل وارڈن کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب ڈسٹرکٹ جیل جہلم کے ملازمین بیلا باربی کیو کے مقام پرتفریح کے لئے گئے جہاں ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا وارڈن عظیم اختر ولد نعیم اخترسکنہ چاکرہ ضلع راولپنڈی دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلا گیا اور دریا کی بے رحم موجوں کی نظر ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم سمیت شہری تنظیموں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور دریائے جہلم میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش شروع کردی۔
آخری اطلاعات آنے پر ڈسٹرکٹ جیل جہلم کے اہلکار عظیم اختر کو تلاش نہیں کیا جا سکا تھاتاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ جیل جہلم کے سپرنٹنڈنٹ حسن مجتبیٰ کہا کہنا ہے کہ جیل ملازم عظیم اختر جیل سے ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد دریا کے قریب ریزارٹ پر تفریح کے لئے گیا تھا۔



