جہلم میں چینی کی قیمتیں 190 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں، عوام پریشان

جہلم شہر میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس نے مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ہول سیل اور پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھ کر 190 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقے کی جیبوں پر شدید بوجھ پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا 50 کلو کا تھیلا 9 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس کی فی کلو قیمت 180 روپے بنتی ہے۔ جب کہ شوگر ملز سے چینی 168 سے 169 روپے فی کلو کے حساب سے دکانداروں کو فراہم کی جا رہی ہے۔ تاہم پرچون فروش بلاخوف و خطر اسے 190 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی حکومت کی ناقص نگرانی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی غیر فعالیت کے باعث دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ دکانداروں کو نہ تو خوفِ قانون ہے اور نہ ہی صارفین کے مسائل کا کوئی احساس۔ اس بے لگام مہنگائی کے باعث چینی اب عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کروایا جائے اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور مہنگائی کے عذاب سے کچھ حد تک نجات حاصل ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button