جہلم میں موسم سرما کی دوسری بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

جہلم: موسم سرما کی دوسری بارش نے جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں موسم سرما کی دوسری بارش نے لوگوں کو سردی کا شدت سے احساس دلایا، جس کے بعد خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا اور شہریوں نے اسے قدرت کا تحفہ قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں بارش نے نہ صرف سردی میں اضافہ کیا بلکہ ہوا کو بھی خنک اور تازہ بنا دیا۔
جہلم میں درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات پہننا شروع کر دیے ہیں اور سردی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر لی ہیں۔ شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال بڑھا دیا ہے اور چائے و کافی کی طلب میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
موسم کی اس تبدیلی سے کسانوں کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ بارش زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرے گی اور فصلوں کی بہتر نشوونما کے لیے مددگار ثابت ہو گی۔ تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے بعد درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو گرم کپڑے پہننے اور خود کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔



