سوہاوہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار کی فائرنگ سے44 سالہ دوکاندار قتل


سوہاوہ کے نواحی علاقہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے فائرنگ کر کے44 سالہ دوکاندار کو قتل کر دیا، پولیس نے لاش کو ہسپتال منتقل کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقہ رکھ ڈونگی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے گاہک بن کر 44 سالہ دوکاندار وراثت علی ولد ریاست علی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ سوہاوہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور موقع سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول وراثت نے گھر میں کریانہ کی دوکان بنا رکھی ہے، گاہک بن کر آنے والے ملزم نے گولی ماری ہے۔ مقتول وراثت کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، تحقیقات کر رہے ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلح ملزم نے موٹرسائیکل پر تین چار دوکان کے باہر چکر لگائے اور سامان بھی خریدا۔ شواہد اکھٹے کر لیے گئے ہیں، جلد ملزم کو بھی گرفتار کر لیں گے۔
اہل علاقہ نے اس بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد قاتل کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔



