شہید بے نظیر بھٹو نے عوام کیساتھ غیر متزلزل وابستگی سے نسلوں کو متاثر کیا، پیپلز پارٹی فرانس

پیرس: پاکستان پیپلزپارٹی فرانس خواتین ونگ کی صدر روحی بانو کی صدارت میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺسے ہوا۔ مہمان خصوصی پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ ، سینئر نائب صدر سید کفایت حسین نقوی ، جنرل سیکرٹری پرویز صدیقی ، راجہ کرامت حسین ودیگر مقررین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت کی چیمپیئن تھیں پاکستان میں جمہوریت شہید بینظیر بھٹو کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے اپنی ہمت، وژن اور پاکستانی عوام کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی سے نسلوں کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر انہوں نے ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کیا، ملک میں جمہوریت کے استحکام ، میثاق جمہوریت کیلئے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے جرأت اور بہادری سے آمرانہ ادوارکا ڈٹ کر مقابلہ کیا صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلال بھٹو زرداری بھی ان کے وژن کو آگے بڑھانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے کہا حکومت کو پاکستان پیپلزپارٹی کے غیر مشروط تعاون کا احساس نہیں ،موجودہ حالات سے ملک کو نکالنے کیلئےپاکستان پیپلزپارٹی اب بھی قربانی دے رہی ہے، حالیہ بجٹ پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دورکئے جائیں اور عوامی بجٹ بنایا جائے جس سے عوام کو ریلیف مل سکے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

تقریب میں سائرہ کرن ،ناصرہ خان،ممتاز ملک، آسیہ شہزاد،ستارہ شکیل سمیت دیگر نے بھی گفتگو کی۔آخرمیں شہدا اور پاکستان کیلئے دعا کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کا ٹا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button