ستھرا پنجاب پروگرام؛ جہلم میں انسدادِ تجاوزات آپریشن تعطل کا شکار

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن جہلم میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر تعطل کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث شہر کی سڑکیں، بازار اور گلیاں بدترین تجاوزات کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔

میونسپل کمیٹی جہلم کا انسداد تجاوزات شعبہ مصلحت کا شکار نظر آ رہا ہے، جس کی وجہ سے 28 اپریل سے شروع ہونے والا تجاوزات کے خلاف آپریشن شہر میں روک دیا گیا ہے۔

مین بازار، چوک اہلحدیث، شاندار چوک، ریلوے روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، راٹھیاں تا جادہ چوک، محمدی چوک، قبرستان چوک، بلال ٹاؤن تا ٹانلیانوالہ روڈ، کالا گجراں، جی ٹی ایس چوک تا ریلوے پل جیسے اہم علاقوں میں دکانداروں، ریڑھی بانوں اور سبزی فروشوں نے کئی کئی فٹ تک سڑکوں پر قبضے جما رکھے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ راہگیروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اندرون شہر میں سڑکوں کے دونوں اطراف موجود پختہ تھڑوں اور غیرقانونی تعمیرات کو تاحال نہیں گرایا گیا، جس کی وجہ سے ستھرا پنجاب پروگرام محض دعووں کی حد تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی کو فوری طور پر تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کے احکامات دیے جائیں۔ قبضہ مافیا کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔ پختہ تھڑوں اور غیر قانونی تعمیرات کو فوری مسمار کیا جائے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

عوامی مطالبے کے مطابق اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو شہر میں ٹریفک مسائل، ماحولیاتی آلودگی اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button