کشمیری پاکستانی نژاد کونسلر شفق محمد کو ہاؤس آف لارڈز کا ممبر بنا دیا گیا

لندن/ لوٹن: چکسواری میرپور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شیفیلڈ سٹی کونسلر شفق محمد کو برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں لائف پیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما کی جانب سے نامزدگی کے بعد اس باوقار تقرری کو بادشاہ کی طرف سے باضابطہ توثیق حاصل ہوئی ہے۔
شیفیلڈ سٹی کونسل میں کونسلر شفق محمد نے اپنی خدمات پیش کی ہیں، اور اس سے قبل لبرل ڈیموکریٹ کیئرز کمیشن کے چیئر کے طور پر کمیونٹی کی وکالت کے لیے اپنی وابستگی کو واضح کیا تھا۔ اس کے علاوہ، وہ یورپی یونین کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔
اس تقرری پر لبرل ڈیموکریٹ لارڈ قربان حسین نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ لبرل ڈیموکریٹس نے ایک بہترین انتخاب کیا ہے۔ ایک کونسلر، پارٹی ورکر، اور گروپ لیڈر کے طور پر شفق محمد کی انتھک محنت اور یورپی پارلیمنٹ کے سابق ممبر کی حیثیت سے ان کے تجربے نے اس اعزاز کے لیے ان کی اہلیت کو ثابت کیا ہے۔ وہ امید کرتے ہیں کہ شفق محمد اپنی خداداد صلاحیتوں سے ہاؤس آف لارڈز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
لبرل پارٹی لوٹن کے کونسلر ادریس لطیف، لوٹن کی سماجی شخصیت بشارت راجہ سمیت متعدد مقامی رہنماؤں نے شفق محمد کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انفرادی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہاؤس آف لارڈز میں کمیونٹی کی نمائندگی کو بھی بڑھاتا ہے۔ لائف پیر بن کر، شفق محمد لبرل ڈیموکریٹ بینر کے تحت ہاؤس آف لارڈز کے اندر اس ممتاز مقام پر فائز ہو گئے ہیں اور وہ قانون سازی کے عمل میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔



