شہید ہیڈ کانسٹیبل کی 10 ویں برسی، جہلم پولیس کے چاک و چوبند دستے کی سلامی

پنڈدادنخان: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے احکامات پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان میاں عبدالجبار نے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد رمضان کی 10ویں برسی کے موقع پر ان کی قبر پر حاضری دی۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر سلامی پیش کی، جبکہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان نے پھول چڑھائے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
یاد رہے کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد رمضان نے 22 اپریل 2016 کو دورانِ گشت تین نامعلوم افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہید محمد رمضان ایک بہادر اور نڈر پولیس اہلکار تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ شہدائے پولیس ہمارے محسن ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر محکمہ پولیس کا سر فخر سے بلند کیا۔



