یوم سیاہ؛ کشمیری عوام نے حق خودارادیت کے لیے جہدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، فراز زیدی


برسلز: کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر برسلز میں پاکستانی سفارت خانے نے کشمیری عوام کے جاری چیلنجوں اور ان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے شرکاء میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندے بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ناظم الامور فراز زیدی، ہیڈ آف چانسری محمد عادل اور قونصلر پریس صغیر وٹو نے صدر، وزیر اعظم، اور نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ ان پیغامات میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید فراز زیدی نے 27 اکتوبر کے دن کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن، جسے عالمی سطح پر کشمیری قوم کی جانب سے یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، دراصل غیر مسلح اور بے گناہ کشمیریوں کی طرف سے برداشت کی گئی دہشت گردی کی ایک پُرخلوص یاد دہانی ہے، جو اپنے حق خودارادیت کے لیے جرأت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ”
تقریب میں 27 اکتوبر 1947 کی یاد میں کشمیر کے یوم سیاہ کی تاریخی اہمیت کو بیان کرنے والی ایک ویڈیو دستاویزی فلم دکھائی گئی جب بھارتی افواج جموں و کشمیر میں داخل ہوئیں۔ ویڈیو میں کشمیریوں کی طرف سے برداشت کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی گئی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے تسلیم شدہ انصاف اور حق خود ارادیت کے لیے ان کے مطالبات کی اہمیت اجاگر کی گئی ۔
اس تقریب میں پاکستان پریس کلب بیلجیم کے صدر عمران ثاقب نے کشمیری عوام کی مسلسل مزاحمت اور جدوجہد کیلئے ایک شعری خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر مسلسل بین الاقوامی توجہ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’عالمی برادری کو کشمیری عوام کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالےسے سفارت خانے نے ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا انعقاد بھی کیا جس میں کشمیری عوام پر ہونے والے ریاستی ظلم و ستم اور ان کی جاری جدوجہد کے بارے میں مناظر شامل تھے ۔ اس تقریب کا اختتام امن، انصاف اور مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا، جس نے بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔



