برسلز میں 4 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 3 افراد جاں بحق، پاکستانی سمیت 2 افراد متاثر

برسلز: برسلز کے علاقہ اندرلخت میں واقع ایک چار منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے تین شہری جاں بحق ہو گئے جبکہ پاکستانیوں سمیت دوسرے افراد نے پڑوس کی بلڈنگز میں کود کر اور فائر بریگیڈ کی مدد سے اپنی جانیں بچائیں۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ شب رہائشی عمارت میں اچانک آگ لگنے کے باعث تین افرادجاں بحق ہوگئے جن میں دو افغان باشندے اور ایک افریقی خاتون شامل ہیں۔ برسلز کے فائر فائٹرز نے اطلاع دی کہ دو دیگر افراد کو جن میں ایک پاکستانی فاروق کھٹانہ بھی متاثر ہوا انہیں بچا لیا گیا ہے۔
برسلز کے پراسیکیوٹر نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ آگ کا آغاز جمعے کو01:00بجے تین منزلہ عمارت ریو فین اسٹریٹ پر ہوا، ہمسایوں کی بروقت اطلاع سے فائر فائٹرز، طبی امداد اور مقامی پولیس نے جلد ہی آگ پر قابو پالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ عمارت کی سیڑھیوں میں لگی ہوئی تھی۔
فائر فائٹرز کے ترجمان والٹر ڈیریو کےمطابق دو رہائشیوں کو تیسرے فلور سے اور دوسرے کو چھت سے نکال لیا گیا۔ ایک راہگیر نے بھی رہائشیوں کو بچانے اور انہیں عمارت سے باہر نکلنے میں مدد دی، جس سے اس کے ہاتھوں پر زخم آئے اور اسے بھی بعد میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران تین لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔ 2لاشیں پہلی منزل کےداخلی راستے پر اور تیسری لاش تیسرے فلور کے ایک اپارٹمنٹ کے دروازے کے قریب ملی۔ بظاہر یہ لوگ سیڑھیوں کے راستے سے آگ سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے جو کہ دھویں اور آگ سے بھر گئی تھی۔
فائر بریگیڈ عملہ نے بتایا کہ جب آگ کو بجھانے کی کوششیں کیں تو سیڑھیاں جزوی طور پر گر گئیں۔ عمارت کے اپارٹمنٹس آگ سے زیادہ متاثر تو نہیں ہوئے لیکن دھویں اور کالک سے بلڈنگ متاثر ہوگئی ہے۔ واقعے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ پراسیکیوٹر نے تحقیقات کے لیے ایک ماہر اور ایک میڈیکل ایگزامنر کی خدمات حاصل کی ہیں۔



