ضلع جہلم میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد رہنما اور کارکن گرفتار

جہلم: ضلع جہلم میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تیز ہوگئیں، 8 فروری کے جلسے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں گھر گھر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوہاوہ شہر میں پولیس نے متعدد مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک پانچ کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں مجتبیٰ شاہ، غلام قیصر دستگیر، چوہدری ناصر محمود، اور شوکت عرف شوکی شامل ہیں۔

گرفتار کارکنوں پر الزام ہے کہ وہ پارٹی کے احتجاجی مظاہروں میں شریک تھے اور مبینہ طور پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں ملوث تھے۔ مزید برآں پولیس ذرائع کے مطابق یہ گرفتاریاں ابتدائی مرحلہ ہیں، مزید چھاپے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔

ادھر پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے کارکنوں کی گرفتاریوں کو غیر قانونی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن لگانا عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس قسم کی کارروائیوں سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button