جہلم میں عید قربان سے قبل مہنگائی کا طوفان، منافع خور سرگرم، شہری پریشان

جہلم شہر اورگردو نواح میں عید قربان سے قبل منافع خوروں نے چھریاں ٹوکے تیز کرلیے۔ سبزیوں، پھلوں، سبز مصالحوں اور لیموں کے دام بے لگام ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی جہلم شہر اور گردونواح میں منافع خوروں نے قیمتوں کو پر لگاتے ہوئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا۔ سبزی، پھل، مصالحہ جات اور گوشت سمیت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے ہوا میں اُڑا دیے گئے جبکہ پرائس کنٹرول کا نظام بری طرح مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

دیسی لیموں جو عیدالاضحی کے خاص پکوانوں میں اہم حیثیت رکھتا ہے، اس کا سرکاری نرخ 550 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، جو گزشتہ ریٹ سے 30 روپے زیادہ ہے۔ تاہم مارکیٹ میں لیموں اس سے بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح چائنہ ادرک کی قیمت بھی 50 روپے بڑھا کر 650 روپے فی کلو کر دی گئی، جس پر عملدرآمد کا فقدان واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔

پھلوں کی بات کی جائے تو آڑو کا سرکاری نرخ 190 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن دکاندار اسے 230 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ سبز مرچ فارمی 80 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو میں بیچی جا رہی ہے، جبکہ دیسی ٹینڈے 45 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ زندہ برائلر مرغی کی قیمت بھی سرکاری نرخ 413 روپے فی کلو کے برعکس 450 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

شدید گرمی کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی نے عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو عید کی خوشیاں مہنگائی کے سائے تلے دب جائیں گی، اس لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس سے فوری نوٹس لینے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرکاری نرخناموں پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا سکے اور مہنگائی کی اس لہر پر قابو پایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button