جہلم میں انسداد تجاوزات کی مہم صرف کمزوروں تک محدود، بااثر دکانداروں کو کھلی چھوٹ، شہریوں کا احتجاج

جہلم: تحصیل میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ انسداد تجاوزات کی کارروائیاں صرف ریڑھی بانوں اور چھوٹے طبقے تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ بااثر دکانداروں اور سفارشی عناصر کی ناجائز تجاوزات بدستور قائم ہیں۔ شہریوں نے ان کارروائیوں کو امتیازی سلوک اور دکھاوے کا عمل قرار دیا ہے۔

جہلم میں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف اور شہر کے مرکزی بازاروں میں بااثر دکانداروں کی جانب سے کیے گئے قبضے ٹریفک کے شدید مسائل کا باعث بن رہے ہیں۔ ناجائز تجاوزات کی وجہ سے مسافروں کو آمد و رفت میں دشواری، ٹریفک جام اور ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینسز کا متاثر ہونا معمول بن چکا ہے۔

شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم صرف کمزور اور بے سہارا ریڑھی بانوں تک محدود ہے جبکہ بڑے اور اثرورسوخ والے افراد کو مکمل چھوٹ دی جا رہی ہے۔

عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکریٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر میں جاری ناجائز تجاوزات کے خلاف مؤثر اور غیرجانبدارانہ کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو درپیش روزمرہ مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button