ڈومیلی میں ٹرانسپورٹروں کا تنازع شدت اختیار کر گیا، ٹرانسپورٹرز کا احتجاج

سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی میں ٹرانسپورٹروں کے درمیان جاری تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا ہے، جس کے باعث علاقے میں امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ مغل آباد اسٹاپ پر متعدد ٹرانسپورٹروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایک فریق کی جانب سے انتظامیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

پانچ یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے 35 میں سے 33 ٹرانسپورٹرز ایک متفقہ مؤقف پر متحد ہیں جبکہ بقیہ چند افراد، خصوصاً بابر شہزاد نامی ٹرانسپورٹر اور اس کے حامی، اس فیصلے کو مسلسل چیلنج کر رہے ہیں۔ تنازع کی جڑ مغل آباد سے راولپنڈی اور لاہور کے لیے چلنے والی گاڑیوں کے اوقات کار (ٹائمز) ہیں۔

ذرائع کے مطابق بابر شہزاد کو صرف راولپنڈی کے لیے صبح 5:20 کا ٹائم الاٹ کیا گیا تھا، مگر اس نے مبینہ طور پر لاہور کے لیے بھی گاڑیاں چلوانے کی کوشش کی ہے، جو طے شدہ معاہدے اور قانونی اجازت کے برخلاف ہے۔ مزید انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے لیے مخصوص ٹائم بغیر اجازت کے بٹ برادران کو فروخت کیا گیا، جس پر ٹرانسپورٹرز میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔

علاقے کے معززین اور ٹرانسپورٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ بابر شہزاد نے انتظامیہ کی جانب سے طے کیے گئے جرگوں اور فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے، جس سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ مظاہرے کے دوران خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اگر یہ غیر قانونی عمل نہ رکا تو صورتحال کسی بڑے تصادم میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈی پی او جہلم، ڈی ایس پی سوہاوہ اور ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ کی زیر نگرانی متعدد جرگے منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں دونوں فریقین کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ طے شدہ فیصلوں کی مکمل پاسداری کریں گے۔ تاہم، قاری شاہد فریق کا مؤقف ہے کہ بابر شہزاد تمام فیصلوں کو پس پشت ڈال کر ذاتی مفادات کی خاطر علاقائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس حساس مسئلے کا نوٹس لیں اور مستقل حل نکال کر علاقے میں امن و امان کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button