ضلع جہلم میں 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبہ اور پرعزم طریقے سے منایا گیا

جہلم: ضلع جہلم میں پاکستان کا 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبہ اور پرعزم طریقے سے منایا گیا۔
جہلم میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب تبلیغ السلام ہائی سکول میں منعقد ہوئی جس کے مہمانان خصوصی رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم، ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ تھے۔
تقریب میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہان، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جس میں پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے دستوں نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔
مہمانان نے پرچم کشائی کی اور یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔ سکول گراؤنڈ میں جہلم کا سب سے بڑا 150 فٹ چوڑا اور 210 فٹ لمبا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔
اس موقع پر ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یوم آزادی کی تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام شجرکاری کی گئی، تمام مہمانوں نے سکول کی گراؤنڈ میں پودے لگائے اور بچوں میں پودے بھی تقسیم کیے گئے۔
یوم آزادی کے دن ضلع بھر میں 48 ہزار پودے لگائے گئے۔ اس یوم آزادی کے موقع پر ”پلانٹ فار پاکستان” کو موٹو کے طور پر اپنایا گیا۔
دوسری جانب ضلع جہلم کی دیگر تحصیلوں (دینہ، سوہاوہ، پنڈدادنخان) میں بھی 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبہ اور پرعزم طریقے سے منایا گیا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



