پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے پولیس لائنز جہلم میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمی افسران میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد پولیس لائنز میں شہداء کی یادگار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر ملک پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
بعد ازاں پولیس لائنز میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پولیس اہلکاروں اور افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ان بہادر پولیس افسران اور جوانوں کو اعزازی شیلڈز دی گئیں، جو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس مقابلوں کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے پولیس کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی خدمات اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور حکومت ہر ممکن طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کو یقین دلایا کہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔
تقریب میں پولیس افسران، اہلکاروں اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پولیس کے کردار کو سراہا۔ پولیس لائنز میں ہونے والی اس تقریب نے نہ صرف شہداء کی یاد کو تازہ کیا بلکہ پولیس کے زخمی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا بھی باعث بنی۔



