شہداء کی قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

سوہاوہ: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے علاقہ ڈھوک شیر میں شہید نائب صوبیدار محمد ندیم کے گھر جا کر سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کی وطن کے لیے خدمات اور عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر مشیر صحت پنجاب نے شہید کے بچوں سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی تاریخ، قومی قربانیوں اور افواجِ پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے بتایا کہ شہید نائب صوبیدار محمد ندیم دو مرتبہ غازی رہے اور چند روز قبل بلوچستان میں وطن کے دفاع کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید اپنے سوگواران میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔

مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور راجہ کامران حیات نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

انہوں نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، جبکہ پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button