ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر بھٹہ مالکان کیخلاف آپریشن شروع، 9 بھٹے مسمار


جہلم: ضلع جہلم ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے بھٹہ خشت کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد بھٹے مسمار کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ جہلم نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عملدرآمد نہ کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے بھٹہ خشت کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تحصیل سوہاوہ میں 3 بھٹوں، تحصیل جہلم میں 5 جبکہ تحصیل دینہ میں ایک بھٹے کو مسمار کر کے ہزاروں کچی اینٹیں ضائع کی گئیں۔
یہ کارروائیاں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عمل نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کی جا رہی ہیں، پرانی اور ماحول دشمن ٹیکنالوجی پر چلنے والے اینٹوں کے بھٹے فضائی آلودگی اور سموگ کا باعث بن رہے ہیں۔
اے ڈی ماحولیات عمران نے کہا کہ یہ کارروائیاں ماحول کے تحفظ اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے جاری رہیں گی۔



