علامہ اقبال کا خودی، حکمت، تدبر اور عزم پر مبنی فلسفہ بہترین رہنمائی کرتا ہے، مقررین؛ پاکستانی سفارتحانہ برسلز میں تقریب

برسلز: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے147ویں یوم پیدائش کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان برسلز کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال کا خودی، حکمت، تدبر اور عزم پر مبنی فلسفہ بہترین رہنمائی کرتا ہے۔ ان سے آج کے مسائل میں بھی رہنمائی لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
پریس قونصلر صغیر احمد وٹو کی نظامت کے ساتھ شروع ہونے والی اس تقریب میں پریس کلب بلجیم کے صدر چوہدری عمران ثاقب، شیراز راج اور روبینہ خان نے علامہ اقبال کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔
اس حوالے سے کلیدی خطاب نیدر لینڈز سے آئے ہوئے مہمان مقرر اعجاز حسین سیفی نے کیا۔ انہوں نے آج کی دنیا میں ان کے خیالات کی لازوال مطابقت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقبال کے خودی کو دریافت کرنے، علم کے حصول اور ان کی جانب سے سماجی ترقی کی دعوت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
آخر میں سفارت خانے میں ناظم الامور فراز زیدی نے شرکاء، شاعروں اور کلیدی مقررین کی تعریف کی اور اعجاز سیفی کی طرف سے اقبال کے وژن کو فصاحت کے ساتھ سامعین کے ساتھ شیئر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
فراز زیدی نے کہا کہ علامہ اقبال کا خودی کا فلسفہ آج بھی ہمیشہ کی طرح طاقتور ہے اور ان کے الفاظ پاکستان اور دنیا کے لیے مشعل راہ کا کام کر رہے ہیں جو حکمت، تدبر اور عزم پر مبنی مستقبل کی طرف ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔



