عید الاضحی کے قریب آتے ہی بچوں میں جوش و خروش بڑھ گیا

جہلم: عید الاضحی کے قریب آتے ہی بچوں میں جوش و خروش بڑھ گیا ، بچوں نے قربانی کے جانوروں کے نام چاند، چیتا ، شیرو، کالو وغیرہ رکھ لئے۔
تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے عید الاضحی قریب آرہی ہے ویسے ہی لوگوں کا جوش و خروش بڑھتا جارہا ہے۔ بکروں ، چھتروں اور قربانی کے جانوروں سے بچوں کی والہانہ محبت کے اظہار کے دن بھی آچکے ہیں۔
بچے سارا سارا دن قربانی کے جانوروں کے ساتھ گزارتے دکھائی دیتے ہیں کہیں پر جانوروں کو بڑے پیار سے چارہ کھلایا جا رہا ہے اور کہیں پر انہیں پانی کے نلکوں پرلے جا کر نہلایا جارہا ہے ، توکہیں جانوروں کی تواضع دودھ اور فروٹ سے کی جارہی ہے تو کہیں مشروبات سے ان کی خاطر تواضع کی جارہی ہے۔
بچوں کا صبح اٹھتے ہی جانوروں سے انکی محبت کا آغاز ہو جاتا ہے اور والدین بھی بچوں کی خوشیوں میں خوش ہو جاتے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کیساتھ بچوں کی محبت اور پیار دیکھنے کے قابل ہے۔
بچے قربانی کے جانوروں بشمول بکرے، دنبے ،چھترے، بیلوں ، بچھڑوں کو چارہ کھلانے کے لئے انہیں مختلف جگہوں پر لیجاتے اور چہل قدمی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔



