جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ نے تاریخ رقم کر دی، شائقین کی بھرپور شرکت

سوہاوہ: ڈومیلی کے گاؤں بڑاگواہ میں منعقدہ جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرتے ہوئے علاقائی تاریخ کا یادگار ایونٹ ثابت ہوا۔ تین روزہ میلے میں ثقافتی، دیہی اور روایتی کھیلوں سمیت عوامی تفریح کے رنگا رنگ پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں ضلع بھر اور آزاد کشمیر سے آنے والے ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔

میلے کے پہلے روز آرم ریسلنگ اور دیگر مقابلوں میں نوجوانوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جبکہ بگدرا کے مقابلے میں پہلوان ولید کیانی نے چار من بگدرا اٹھا کر علاقائی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ رسہ کشی کے سنسنی خیز مقابلے میں گتر کی ٹیم نے تھلہ چوہدریاں کی ٹیم کو شکست دے کر شائقین کے دل جیت لیے۔ دوڑ کے مقابلوں میں بھی نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

دوسرے روز بیل ہل شتری کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں ضلع جہلم اور میرپور سے آنے والی بیل جوڑیوں نے شرکت کی۔ اس مقابلے میں چوہدری رخسار (میرپور) کے بیل نے سب سے کم وقت میں پانچ چکر مکمل کر کے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والوں میں موٹر سائیکلز، نقد انعامات اور خوبصورت ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

تیسرے روز اونٹوں کی نمائش اور وزن اٹھانے کے دلچسپ مقابلے ہوئے جن میں راجہ ابرار (فخرِ پوٹھہ) کے اونٹ نے ساڑھے تیس من وزن اٹھا کر میدان مار لیا۔ اس کامیابی پر شاندار جشن منایا گیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور پورا میدان خوشیوں سے گونج اٹھا۔ میلے میں کھانے پینے، کھلونوں کے متعدد اسٹالز اور بچوں کے لیے جھولے بھی لگائے گئے تھے، جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

میلے کے مہمانانِ خصوصی میں سردار فیضان حیدر خان، حاجی عمران مغل، راجہ خرم نثار ایڈووکیٹ، ملک ضمیر حسین (ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ مری)، ملک مدثر سلیم، سید رفعت محمود زیدی، پیر ارم نذیر کلیامی، چوہدری عمار فرخ، سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم، غلام حسین کیانی، عمران ظہور کیانی، کہوٹ گروپ 313، ٹی ایس ایف گروپ سمیت ضلع بھر اور آزاد کشمیر کی نامور سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ مہمانوں کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔

میلے کے بانی پہلوان راجہ احسان شیر زمان کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کی عوام نے بے مثال محبت اور عزت دے کر اس میلے کو تاریخی بنا دیا۔ انہوں نے عوام، مہمانوں، دکانداروں اور سیکیورٹی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لیے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا کیونکہ نوجوانوں کو میدانوں میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

توقع سے کہیں زیادہ شائقین کی آمد اور بھرپور عوامی شرکت نے جشنِ بڑاگواہ کو واقعی ایک تاریخی ثقافتی میلہ بنا دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button