سوہاوہ میں کار اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم، نوبیاہتا دلہا جاں بحق، دو نوجوان شدید زخمی

48
سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقے میں کار اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم سے نوبیاہتا دلہا جاں بحق اور دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے نواحی علاقہ چنجلوٹ سٹاپ کے قریب گزشتہ رات ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں کار نمبر FY-337 اور موٹر سائیکل نمبر CTQ-89 کے درمیان زوردار ٹکر ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان سڑک پر بری طرح جا گرے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش اور دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی منتقل کیا۔ بعد ازاں زخمیوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت آفاق مشتاق ولد محمد مشتاق سکنہ رسول پور کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں زین رازق ولد محمد رازق اور عاقب مدثر ولد محمد مدثر شامل ہیں، دونوں کا تعلق بھی رسول پور سے بتایا جا رہا ہے۔
جاں بحق نوجوان کی موت کی خبر گھر پہنچتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی جبکہ اہلِ علاقہ سوگ کی کیفیت میں مبتلا ہو گئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ آفاق مشتاق کی صرف ایک ہفتہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے گئے اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔



