ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا دینہ شہر کا دورہ، ریڑھی بازار منصوبے کا جائزہ لیا

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تحصیل دینہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر تعمیر ریڑھی بازار کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے انہیں منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس کے مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلع جہلم کی مختلف تحصیلوں میں ریڑھی بازار قائم کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ، غیر منظم ریڑھیوں کو منظم شکل دینا اور ریڑھی بانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک باقاعدہ اور خوبصورت ریڑھی بازار کا قیام دینہ شہر کی رونق بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی میں بھی مددگار ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ریڑھی بانوں کو باقاعدہ جگہ میسر آنے سے نہ صرف ان کا روزگار محفوظ ہوگا بلکہ شہریوں کو بھی خریداری کے لیے بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔”



