ڈھیری راجگان میں پی ایس ای آر سروے نہ ہونے کا انکشاف، وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پڑی درویزہ: چکوال کی یونین کونسل ملہال مغلاں کے نواحی گاؤں ڈھیری راجگان میں پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری پروگرام (PSER) کا سروے سرے سے نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

ڈھیری راجگان کے رہائشی محمد عثمان طارق نے صحافیوں کو بتایا کہ حالیہ پی ایس ای آر سروے کے دوران گرد و نواح کی آبادیوں جنڈالہ پکھڑال، چمار اور پھوٹاکی میں باقاعدہ سروے کیا گیا، تاہم مرکزی آبادی ’’ڈھیری راجگان‘‘ کو ڈیوٹی پر تعینات نیومریٹر نے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب نگہبان رمضان امدادی کارڈ مستحقین میں تقسیم ہونا شروع ہوئے تو معلوم ہوا کہ گاؤں کا کوئی فرد پی ایس ای آر ڈیٹا میں شامل ہی نہیں کیونکہ سروے ٹیم کبھی یہاں آئی ہی نہیں۔

شہری کے مطابق جب انہوں نے ضلع چکوال میں قائم پی ایس ای آر امدادی نمبر 0543660101 پر رابطہ کیا تو دفتر میں موجود اہلکار نے یہ موقف اختیار کیا کہ ضلع کی کوئی آبادی سروے سے محروم نہیں رہی، یوں شکایت کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی۔ مزید برآں انٹرنیٹ پر درج پی ایس ای آر رجسٹریشن ہیلپ لائن موبائل نمبر 03187229600 پر بھی کال کی گئی مگر نمبر بند یا ناقابلِ رسائی پایا گیا۔

محمد عثمان طارق نے بذریعہ میڈیا مریم نواز اور ضلع چکوال میں تعینات پی ایس ای آر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل ملہال مغلاں کی آبادی ڈھیری راجگان میں فوری طور پر سروے کا انتظام کیا جائے تاکہ مستحق خاندان نگہبان رمضان امدادی پیکج سے محروم نہ رہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت سروے نہ کیا گیا تو متعدد مستحق گھرانے حکومتی ریلیف سے محروم رہ جائیں گے، لہٰذا متعلقہ حکام فوری نوٹس لے کر شفاف اور جامع سروے کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button