جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، تین بہنوں پر مشتمل “جٹنی گینگ” گرفتار

جہلم پولیس نے تھانہ چوٹالہ کی حدود میں ہنی ٹریپ اور منشیات فروشی میں ملوث تین بہنوں پر مشتمل مشہور "جٹنی گینگ” کو پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر اسد ابو بکر اور ان کی ٹیم نے چھاپہ مار کر جٹنی گینگ کی تینوں عورتوں شگفتہ، فضا جبار اور حلیمہ سعدیہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق شگفتہ جبار زوجہ عامر شہزاد کے قبضے سے 1 کلو 125 گرام آئس، فضا جبار سے 4 کلو 520 گرام چرس اور حلیمہ سعدیہ دختر جبار حسین سے 1 کلو 80 گرام آئس برآمد کی گئی۔ تینوں بہنوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے انہیں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گینگ نہ صرف منشیات فروشی بلکہ ہنی ٹریپ کے ذریعے معزز شہریوں کو پھنسا کر بلیک میلنگ اور بھاری رقم بٹورنے میں بھی ملوث رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف علاقے میں جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ متاثرین کو بھی انصاف ملنے کی امید ہے۔



