ڈپٹی کمشنر جہلم نے ممکنہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے ضلعی سطح پر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا

جہلم: پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے ممکنہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے ضلعی سطح پر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متوقع گرمی کی شدت اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر مکمل تیاری رکھیں اور عوام کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے آگاہی فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ شدید گرمی میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا استعمال زیادہ کریں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام الناس کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی ممکنہ طبی یا جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی حکومت عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔



