نیوکرسچن کالونی جہلم میں جگہ جگہ گندگی اور سیوریج کا پانی جمع، مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم کی نیوکرسچن کالونی میں گندگی کے انبار اور گلیوں میں سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
علاقے کی گلیوں میں پانی کا کھڑا ہونا اور گندگی کا ڈھیر لگ جانا روزانہ کی پریشانی بن چکا ہے، جس سے نہ صرف علاقے کی صفائی متاثر ہو رہی ہے بلکہ رہائشیوں کی صحت بھی خطرے میں ہے۔
مقامی افراد نے اس حوالے سے انتظامیہ کو بار بار تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا ہے، لیکن اس کے باوجود کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی جا رہی۔ گلیوں میں گندگی اور سیوریج کے پانی کا جمع ہونا مکینوں کے لیے زندگی اجیرن بن چکا ہے۔
نیوکرسچن کالونی کے رہائشیوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور انتظامیہ کو اس حوالے سے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی جائے تاکہ مکینوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔



