یوم عاشورہ؛ جہلم شہر اور گردونواح کے قبرستانوں میں شہریوں کا رش بڑھ گیا

جہلم: یوم عاشورہ کے موقع پر جہلم شہر اور گردونواح کے قبرستانوں میں شہریوں کا رش بڑھ گیا۔ شہری اپنے مرحوم عزیز و اقارب کی قبروں پر حاضری دے رہے ہیں، فاتحہ خوانی، پھولوں کی چادریں چڑھانے اور پرندوں کے لیے دانہ چاول ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

قبرستانوں کے باہر پھول، پتیاں، اگر بتیاں، چادریں اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والوں نے عارضی اسٹالز قائم کر رکھے ہیں، جہاں مرد و خواتین کی بڑی تعداد خریداری کرتی نظر آتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قبرستانوں کے اطراف میں مٹی کے ڈھیر بھی لگا دیے گئے ہیں جہاں سے شہری قبروں پر ڈالنے کے لیے مٹی خریدتے ہیں۔

ان ایام میں قبرستانوں میں قبروں کی صفائی، گھاس کاٹنے اور لپائی کے لیے مزدوروں کی ٹیمیں بھی سرگرم عمل ہیں۔ 9 اور 10 محرم الحرام کو خصوصی طور پر شہری اپنے پیاروں کی قبروں کی تزئین و آرائش کرواتے ہیں اور گورکنوں و مزدوروں کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔

یہ روایت برسوں سے چلی آ رہی ہے کہ عاشورہ کے موقع پر شہری نہ صرف مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں بلکہ قبرستانوں میں جا کر مرحومین کی مغفرت کے لیے دعائیں بھی کرتے ہیں۔ ان دو دنوں میں شہر بھر کے تمام قبرستانوں میں روحانی اور عقیدت بھرا ماحول دیکھنے کو ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button