جہلم سمیت پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کی مہم جاری، ہزاروں باشندے ملک بدر

جہلم: ملک بھر خصوصاً جہلم سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق اب تک 13 ہزار 442 غیر قانونی مقیم غیر ملکی جن میں اکثریت افغان باشندوں کی ہے کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انخلا مہم کے دوران مجموعی طور پر 13 ہزار 520 افراد کو مختلف ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا گیا جبکہ اس وقت بھی 78 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ یہ تمام افراد جلد از جلد ان کے ممالک واپس بھجوانے کے مرحلے سے گزارے جا رہے ہیں۔

جہلم سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان سنٹرز میں غیر ملکیوں کی رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انخلا کے اس عمل میں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کو مکمل طور پر مد نظر رکھا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ "ہم قانون کی عملداری کے ساتھ ساتھ انسانیت کے تقاضے بھی پورے کر رہے ہیں۔ کسی بھی غیر قانونی مقیم فرد کے ساتھ ناروا سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”

واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ برسوں میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس پر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے مشترکہ کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔ ان اقدامات کا مقصد ملکی سیکیورٹی، معاشی بوجھ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔

شہریوں نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انخلا کے اس عمل کو شفاف، منصفانہ اور تیز تر بنایا جائے، تاکہ ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button