وسیلہ ویلفیئر سوسائٹی اور جہلم فورم کی جانب سے گرلز ہائیر سکینڈری سکول دینہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی سکیم مکمل

دینہ: گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول دینہ میں طالبات کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی سکیم مکمل کر لی گئی۔ افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی سید توقیر آصف شاہ ،افتخار احمد خان اور افتخار احمد مغل تھے۔ جہلم فورم اور وسیلہ ویلفیئر سوسائٹی کو سکول انتظامیہ کی طرف سے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کی درخواست کی گئی تھی اس منصوبے کے لیے خصوصی فنڈ محمد اخلاق مانچسٹر نے اپنے والدین کے ایصال ثواب کے لیے مہیا کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہلم فورم اور وسیلہ ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول دینہ (ہڈالی) میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ ، افتخار احمد خان اور افتخار احمد مغل تھے جبکہ خصوصی شرکت امجد محمود سیٹھی، حاجی اظہر چوہدری، عادل چوہدری، سید امیر شاہ، اقبال خان اور سلیم کسانہ نے کی۔
گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول دینہ کی پر نسپل زاہدہ اصغر نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ سلیم کسانہ کی خصوصی کاوش سے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ہڈالی میں فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب مکمل ہوئی۔
اس موقع پر افتخار احمد خان نے ایک لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ امجد محمود سیٹھی نے سکول کے لیے 2الیکٹرک واٹر کولر دینے کا اعلان کیا جبکہ افتخار احمد مغل کی طرف سے لائبریری کی اپ گریڈیشن کے لیے مکمل معاونت کا اعلان کیا۔
پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کی جانب سے مہمان گرامی کا خصوصی طور پر شکریہ اد اکیا گیا ۔



