محکمہ سکول ایجوکیشن کی سرکاری و نجی سکولوں کیلئے نئی ہدایات جاری

جہلم: محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ اقدامات نیشنل ایکشن پلان کے تحت طلبہ میں قومی شعور، حب الوطنی اور شہری ذمہ داری کے فروغ کے مقصد سے کیے جا رہے ہیں۔
جاری مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں صبح کی دعا کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور مثبت سماجی اقدار کو فروغ دینے کے لیے بزمِ ادب سمیت مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ میں قومی شعور اور ذمہ دار شہری ہونے کا احساس اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریبات، آگاہی پروگرامز اور تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔ اسی سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کو "معرکۂ حق” کے موضوع پر آگاہی لیکچرز منعقد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق یہ تمام اقدامات نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے تحت کیے جا رہے ہیں، لہٰذا تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ متعلقہ ضلعی حکام اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ان احکامات پر عملدرآمد کی باقاعدہ نگرانی کریں گے، جبکہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔



