صحت کے شعبے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (DHQ) ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کا مقصد ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کا معائنہ کرنا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور (OPD) اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے فارمیسی کا ریکارڈ چیک کیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے انتظامیہ کو پابند کیا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ضلعی انتظامیہ ہسپتالوں کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔



