ڈینگی وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے موثر اقدامات پر عمل ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی

جہلم: ڈینگی وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے موثر اقدامات پر عمل ضروری ہے، پانی جمع ہونے والی تمام جگہوں پر لاروا کی تلاش کی جائے اور شہریوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے اینٹی ڈینگی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ صحت نے اینٹی ڈینگی اقدامات، لاورا کی تلاش کیلئے تشکیل دی جانے والی ٹیموں، مقامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر محکمہ کی مختلف ٹیموں کو لاروا کی تلاش کے ٹارگٹ دئیے گئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم میں اب تک ڈینگی کا کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے جبکہ ضلع بھر میں 230مقامات پر لاروا پایا گیا ہے جس کے بعد ٹیموں کوالرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے ہنگامی اقدامات عمل میں لائے جائیں اور شہریوں کو اس موذی مرض سے بچانے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



