امجد محمود سیٹھی اور فرحت محمود سیٹھی کی جانب سے گرلز ہائیر سکینڈری سکول کو الیکٹرک واٹر کولرز کا عطیہ

دینہ پریس کلب کے چیئرمین اور ڈی مارٹ کے اونر امجد محمود سیٹھی اور ان کے بھائی فرحت محمود سیٹھی نے اپنے والدین کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول منگلا روڈ دینہ کو دو عدد الیکٹرک واٹر کولرز عطیہ کیے۔ یہ اقدام طالبات کو پینے کے ٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
عطیہ کی یہ تقریب ایک مختصر اور باوقار دعائیہ اجتماع کی صورت میں منعقد کی گئی، جس میں سکول کی پرنسپل، دینہ پریس کلب کے عہدیداران، اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ شرکائے تقریب میں صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ، حاجی اظہر چوہدری، رضوان سیٹھی، اقبال خان، سہیل انجم قریشی اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر سکول کی پرنسپل نے امجد محمود سیٹھی اور فرحت محمود سیٹھی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چند ماہ قبل کیا گیا وعدہ نہایت قلیل مدت میں پورا کر کے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان واٹر کولرز کی تنصیب سے طالبات کو پینے کے ٹھنڈے پانی کی سہولت میسر آ گئی ہے، جو گرمیوں کے موسم میں ایک بڑی نعمت ہے۔
امجد محمود سیٹھی اور فرحت محمود سیٹھی نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی اگر سکول میں کسی قسم کی سہولت یا بہتری کی ضرورت پیش آئی تو وہ اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔



