بڑاگواہ تا نگیال اور ڈھوک کشمیریاں سڑک کھنڈرات میں تبدیل، شہریوں کو شدید مشکلات

سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے بڑاگواہ سے نگیال اور ڈھوک کشمیریاں تک جانے والی سڑکیں عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے میں بڑاگواہ سے ڈھوک کشمیریاں تک تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر اور بڑاگواہ سے نگیال تک تقریباً پانچ کلومیٹر طویل سڑک جگہ جگہ گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ سڑک کی خستہ حالی کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں جبکہ شہریوں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر سفر کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔ سکول جانے والے طلبہ و طالبات، مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسز اور عام مسافروں کو چند منٹ کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر سڑک کا نام و نشان تک مٹ چکا ہے۔
مقامی افراد نے شکایت کی کہ ہر الیکشن میں سیاسی نمائندے ان علاقوں سے ووٹ لے کر کامیاب ہوتے ہیں لیکن سڑکوں کی تعمیر کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نگیال میں یونین کونسل کا دفتر بھی موجود ہے، جہاں دور دراز سے آنے والے سائلین کو بھی اسی خستہ حال سڑک سے گزرنا پڑتا ہے۔ بڑاگواہ کے مقام پر سیوریج نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے، جس سے نمازیوں اور طلبہ کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹلہ کے پہاڑ سے نکالا جانے والا کروڑوں روپے مالیت کا کوئلہ بھی انہی سڑکوں کے ذریعے دیگر اضلاع تک منتقل کیا جاتا ہے، جس کے باعث سڑک مزید تباہ ہو رہی ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ان مصروف اور اہم سڑکوں کی ازسرِ نو تعمیر کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



