محرم الحرام ڈیوٹی کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف وارڈن سول ڈیفنس کی ڈپٹی کمشنر جہلم سے ملاقات

جہلم: ایڈیشنل چیف وارڈن سول ڈیفنس جہلم سعید احمد نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی، روٹ کلیرنس، ایمرجنسی ریسپانس اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر محمد فرحان اور ڈپٹی پوسٹ وارڈن زین بٹ بھی موجود تھے۔ گفتگو کے دوران تمام متعلقہ اداروں کے مابین رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا تاکہ محرم الحرام کے دوران عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایڈیشنل چیف وارڈن سعید احمد نے کہا کہ سول ڈیفنس کے رضاکار ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ ہر وقت جان و مال کے تحفظ کے لیے مستعد ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ڈیفنس کی ٹیم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد میثم عباس نے سول ڈیفنس کی کارکردگی کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ محرم کے ایام پرامن ماحول میں گزارے جا سکیں۔



