آپریشن بنیان مرصوص؛ پاکستانی افواج نے جرأت و بصیرت کی نئی تاریخ رقم کر دی، سعد محمد مدنی

جہلم: سعد محمد مدنی نے کہا ہے کہ آپریشن "بنیان مرصوص” پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور عوامی تحفظ کی خاطر ہماری مسلح افواج کی غیر معمولی بصیرت، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندی کا عملی اظہار ہے۔ یہ محض ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ قومی وقار کا بلند ترین مظاہرہ ہے۔
نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب اور مدیرِ امور داخلی جامعہ علوم اثریہ جہلم سعد محمد مدنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جس حکمت، ایثار اور جذبے سے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔ ہم اپنی افواج کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھا جائے گا۔
سعد محمد مدنی نے کہا کہ بھارت ہماری حکمت، تدبر اور صبر کو کمزوری سمجھ رہا تھا، لیکن وقت کے تقاضے پر پاکستان کی افواج نے دشمن کے تمام دعووں کو بے نقاب کرتے ہوئے پورے خطے کے تزویراتی توازن کو بدل کر رکھ دیا۔ "بنیان مرصوص” ایک شاندار دفاعی حکمت عملی کا مظہر ہے جس کے تحت پاک فوج نے دشمن کی گہرائی میں جا کر اپنے اہداف کو غیر معمولی درستگی سے نشانہ بنایا اور بھارتی دفاعی نظام کو مفلوج کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف جذبہ و حوصلے کا پیکر ہے بلکہ جدید عسکری صلاحیتوں اور تکنیکی برتری سے بھی لیس ہے۔ یہ ہمیں اپنے رب کے حضور سجدۂ شکر بجا لانے کی دعوت دیتی ہے۔
سعد محمد مدنی نے عالمی برادری، خصوصاً امریکہ، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی جغرافیائی خودمختاری کو انصاف کے ساتھ حل نہیں کیا جاتا، اس خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ایک باشعور، باہمت اور باوقار قوم کی صورت میں دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔ ہماری افواج ہمارا فخر ہیں، جو ایک ہاتھ سے مہمان نوازی کرتی ہیں اور دوسرے ہاتھ سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیتی ہیں۔ پاکستان کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا نرمی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔



