حکومت پنجاب پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت پولیو ویکسی نیشن مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، سکیورٹی انتظامات اور عملے کی تربیت بھی کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ 3 سے 7 فروری تک پولیو ویکسی نیشن مہم شروع کی جائے گی اور اس مہم کے دوران ضلع جہلم میں دو لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت دی کہ اس مہم کے دوران کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، لہٰذا ہماری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔



