محرم اور ربیع الاول کے دوران شاندار خدمات پر ڈپٹی کمشنر نے افسران و اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے محرم الحرام اور ربیع الاول کے حساس ایام میں مثالی کارکردگی دکھانے والے ضلعی افسران اور اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔

تقریب میں سکیورٹی فورسز، میونسپل کمیٹی، ریسکیو 1122 اور اطلاعات آفس کے افسران و اہلکاروں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے اعتراف میں اسناد دی گئیں۔

یہ تقریب ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں منعقد ہوئی جہاں ڈی سی میر رضا اوزگن نے محرم الحرام اور ربیع الاول کے دوران امن و امان کے قیام، جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، ہنگامی امداد کی بروقت فراہمی اور مؤثر ابلاغ کو یقینی بنانے پر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، میونسپل کمیٹی اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے ٹیم ورک کی بہترین مثال قائم کی۔ تمام افسران اور اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نہایت احسن انداز میں سرانجام دیں، جس کی بدولت ضلع جہلم میں امن و امان کی فضاء برقرار رہی اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران و اہلکاروں نے نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بہترین کارکردگی پیش کی۔ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کے لیے آپ سب شاباش کے مستحق ہیں۔ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انتظامی محکموں کے مابین مربوط تعاون ہی بہتر حکمرانی کی بنیاد ہے اور جہلم انتظامیہ اس حوالے سے ایک مثالی ٹیم کے طور پر کام کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو نیک تمناؤں کے ساتھ شاباش دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button